شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی امور پر گفتگو

0
197

اسلام آباد(این این آئی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردنا کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بدھ کووزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سری لنکن وزارت خارجہ پہنچنے پر ہم منصب نے پر تپاک خیر مقدم کیا وزیرخارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردنا کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ، گذشتہ کئی دہائیوں پر محیط، گہرے دو طرفہ تعلقات ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا متمنی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان اور سری لنکن وزیر اعظم ماہندا راجاپکاسا کی مشترکہ صدارت میں تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد، خوش آئند اقدام ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کیلئے آزادانہ تجارتی معاہدے(FTA) کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ خطے میں معاشی روابط کے فروغ کیلئے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت “پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ، مرکزی اہمیت کا حامل ہے معاشی سرگرمیوں کی ترویج کیلئے پورا خطہ اس منصوبے سے مستفید ہو سکتا ہے ،گوادر پورٹ اور سری لنکن پورٹس کے مابین روابط کا فروغ، وسط ایشیائی کاروباری مراکز تک آسان رسائی حاصل کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے سارک فورم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ اور سارک سمیت اہم علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تہذیبی و ثقافتی تعلق کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عندیہ دیا دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین انسانی وسائل کی ترقی، علاقائی سلامتی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ بھی اس ملاقات میں موجود تھے ،ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے وزٹرز بک میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔