دھاندلی کے سرداروں نے ڈسکہ میں ڈاکہ ڈالا،پرویز رشید کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا ‘مریم اورنگزیب

0
242

لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی اوردھاندلی کے سرداروں نے ڈسکہ میں ڈاکہ ڈالا، جو عوام کا ووٹ چوری کرے اس کے لئے جمہوریت میں تمام دروازے بند کر دینے چاہئیں،پرویز رشید کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا ، پرویز رشید سینیٹ کی نشست کے مرہون منت نہیں،شہزاد اکبر نے براڈشیٹ اور شریف فیملی پر الزامات کی بوچھاڑ کی ،کل انہی الزامات سے بھاگ گئے کہ ہمارے پاس الزامات کا کوئی جواب نہیں۔ احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت 20 پولنگ اسٹیشنز کو فوکس کیا گیا، حکومت دھاندلی کی پیداوار اور دھاندلی کی سردار ہے، آٹا،بجلی،گیس اور ادویات چوری کرنا ہی ان کی کارکردگی ہے ،سامنے سے کہتے ہیں چور دوسرا ہے اور پیچھے سے وارداتیں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے پرویز رشید کے کاغذات نامزگی مسترد ہونے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز رشید کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، پرویز رشید سینیٹ کی نشست کے مرہون منت نہیں وہ ایک نظریے کا نام ہیں، پرویز رشید کی جگہ پارٹی ٹکٹ کس کو دینا ہے اس کا فیصلہ قیادت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے عمران خان کے ٹائوٹ شہزاد اکبر کاوے موسوی سے کس کی اجازت سے ملے ؟،اپنے کمیشن کی خاطر انہوں نے خفیہ ملاقاتیں کیں لیکن ان کو لینے کے دینے پڑ گئے ،آج تک نواز شریف اورشہباز شریف پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ،براڈ شیٹ کو شریف فیملی کو پیسے ادا کرنا پڑے ،چوری کرنے کے لیے مافیا کو ساتھ ملایا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ چوری ہوا،الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نتائج میں ردو بدل ہوا،ریٹرننگ افسر نے کہا کہ میرا کسی سے رابطہ نہیں ہورہا اور ریٹرننگ افسران کو مسنگ پرسنز بنا دیا گیا