مریم اورنگزیب کا الیکشن کمیشن سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

0
215

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ اور الیکشن کمیشن کے عملے کی چوری کے اصل ذمہ دار عمران صاحب ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب اور وزیراعلی پنجاب نے چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب سمیت پوری انتظامیہ کو یرغمال بنارکھا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ چوری کے اصل سرغنہ عمران صاحب کے خلاف کارروائی تک احتساب کا عمل نامکمل رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ چیف سیکرٹری کیوں دستیاب نہیں تھے اور دوبارہ رابطہ کیوں نہیں کیا؟ اس سوال کا جواب تلاش کرنا ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر سے گفتگو کے وقت چیف سیکریٹری کے علم میں تھا تو انہوں نے عملے کی واپسی کی یقین دہانی کرائی تھی،تمام حقائق اور شواہد گواہی دے رہے ہیں کہ ووٹ کی امانت میں خیانت عمران صاحب نے کی، مجرم وہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اصل مجرموں کے خلاف کارروائی جب تک نہیں ہوگی، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ 2018کی ووٹ چوری کی پیداوار 2021 میں وہی واردات دوہراتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر اصل مجرموں سے صرف نظر نہ کریں، دھاندلی کی طرح انصاف ہوتا ہوابھی نظر آنا چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اور عثمان بزدار کے خلاف کارروائی کے بغیر الیکشن کمشن کا فیصلہ نامکمل ہے ،اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ عمران صاحب اور عثمان بزدار نے یہ سازش کہاں بنائی؟ کون کون ملوث تھا؟۔ انہوںنے کہاکہ آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن کی ازخودکارروائی تب تک نامکمل ہے جب تک عمران صاحب اور بزدار پر فرد جرم عائد نہیں ہوگی ۔ انہوکںنے کہاکہ چار حلقوںکا شور مچانے والا ایک حلقہ کھلنے پر اپیل سپریم کورٹ لے کر جارہا ہے، شرم کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک حلقہ کھلا تو عمران صاحب مجرم قرار پاگئے ، اب جوابدہی سے کیوں بھاگ رہے ہیں ؟۔