صرف گلیمر کے ذریعے لوگوں کو متوجہ رکھنا مثبت سوچ نہیں ہے’ راشدمحمود

0
260

لاہور( این این آئی) سینئر اداکار راشد محمود نے کہا ہے کہ ٹی وی ڈراموں میں بہتری کی گنجائش ہے اور اس میں بہتری آنی چاہیے ،ہمیں اپنی ثقافت کو محفوظ کرنے اور دنیا کو اس سے روشناس کرانے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ٹی وی نے سینئر اداکاروں کو نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس کی ترقی جمود کا شکار ہے ، آج قومی ٹی وی ترقی کی بجائے پیچھے کی طرف جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ریڈیو ، ٹی وی ،فلم اور تھیٹر سارے میڈیم میں کام کیا ہے ،میری اردو بہتر بنانے میں ریڈیو کا اہم کردار ہے جہاں پر تلفظ کی ادائیگی کا بڑاخیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ آج اس مقام پر نہیں جس پر اسے ہونا چاہیے ، صرف گلیمر کے ذریعے لوگوں کو متوجہ رکھنا مثبت سوچ نہیں ہے ،بے شمار موضوعات ہیں جنہیں ڈرامے کی شکل دی جا سکتی ہے جس سے معاشرے کی بھی رہنمائی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے کے مطابق ہم کسی کو نقل کر رہے ہیں اسی وجہ سے اصل ڈرامے سے کوسوںدور ہیں۔