پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے

0
444

اسلام آباد(این این آئی)پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پی ڈی ایم میں خلیج مزید وسیع ہوگئی ،سینیٹ میں اپوزیشن کے دو علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے۔ایوان بالا کے اجلاس سے پہلے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے کمرے میں آزاد اپوزیشن کی جماعتوں کا مسلم لیگ (ن )کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے سینیٹرز شریک ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی، مشاہد حسین سید، مولانا عبدالغفور حیدری، طاہر بزنجو کے علاوہ مصدق ملک، کامران مرتضی، مولانا عطاالرحمن سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکازنوٹس جاری کردیے گئے ہیں اور جواب مانگا ہے کہ آپ نے حکومتی جماعت سے ووٹ کیوں حاصل کئے۔دوسری جانب آزاد اپوزیشن سینیٹرز کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی پہنچے اور انہوں نے آزاد اپوزیشن کے سینیٹرز سے ملاقات کی۔ دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔