حلقہ بندیوں کا معاملہ،الیکشن کمیشن وزرات قانون و انصاف، پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل کی معاونت حاصل کریگا

0
308

اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی قومی و صوبائی حلقہ جات کی حلہ بندیوں کے معاملے پر وزرات قانون و انصاف ، پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل کی معاونت حاصل کریگا جبکہ وزرات داخلہ سے یونین کونسلوں کی تعداد کی چٹھی کو واپس لینے اور وفاقی دارالحکومت میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے وضاحت مانگ لی ۔ منگل کو الیکشن کمیشن کا اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی اور نثار احمد درانی کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئے ۔الیکشن کمیشن نے مردم شماری کے حتمی اعدادوشمار کی سرکاری اشاعت کے بعد ملک میں نئی قومی اور صوبائی حلقہ جات کی حلقہ بندیوں ، اسکے مختلف طریقہ کار اور مضمرات پر غورغوض کیاگیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں وزرات قانون و انصاف ، پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل کی معاونت حاصل کرے گا۔وفاقی دارلحکومت میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کیلئے ہونے والی حلقہ بندیوں کی موجودہ صورتحال اور اس سلسلے میں کمیشن کو درپیش مشکلات کے بارے میں بریف کیاگیا ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وزرات داخلہ نے بذریعہ چٹھی مورخہ18مئی 2021 تحریری طور پر الیکشن کمیشن کو مطلع کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں 50 یونین کونسلز قائم کی جائیں گی جس پر الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کا شیڈول مورخہ 21 جون2021 کو جاری کرتے ہوئے حلقہ بندی کمیٹی اور حلقہ بندی اتھارٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس نے 50 یونین کونسلز کے مطابق حلقہ بندی پر کام شروع کر دیا۔ اب مورخہ6جولائی 2021 کو وزرات داخلہ نے اس چٹھی کو یکطرفہ طور پر واپس لے لیا جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے عمل کو جاری نہیں رکھ سکتا اس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ سیکرٹری وزرات داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو مورخہ 5 اگست 2021کو بلایا جائے تاکہ وہ الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں بریف کریں کہ یونین کونسلوں کی تعداد کی چٹھی کو واپس لینے اور وفاقی دارالحکومت میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے وضاحت کرے تاکہ الیکشن کمیشن اس آئینی ذمہ داری کو نبھا سکے۔الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے مورخہ 10 اگست کو اجلاس طلب کر لیا۔ جس میں دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ کو بلایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کوبتایا جائے صوبائی حکومتوں نے لوکل گورنمنٹ الیکشنز کے انعقاد کے حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔