آرمی چیف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ملاقات ،لائن آف کنٹرول کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال

0
299

راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی جس میں لائن آف کنٹرول کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عبدالقیوم نیازی کو آزاد جموں و کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے کشمیری بزرگ رہنما سید علی گیلانی کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے لیے زندگی بھر جدوجہد کی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں اور کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھے گی۔