برطانیہ میں کورونا کی نئی لہر، ریکارڈ 21ہزار کیسز سامنے آ گئے،241ہلاک

0
359

لندن(این این آئی)برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی لہر جاری ہے، ریکارڈ 21 ہزار 331 کیسز سامنے آگئے جبکہ 241 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ برطانیہ میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 43 ہزار 967 ہو چکی ہے۔وزارت صحت کے مطابق کئی علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں، وزیرِ صحت میٹ ہینکوک کا کہناتھا کہ کاروبار اور ملازمین کے لیے رکھے گئے 60 ملین پائونڈ کے پیکج پر مزید بات ہو سکتی ہے، مقامی لیڈر 65 ملین کا فنڈ چاہتے ہیں۔دوسری جانب کورونا کے سبب یورپ کی معیشت کو مشکل صورتحال سے دوچار ہونے کا خدشہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، فرانس نے کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے رات کا کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔دیگر یورپی ممالک نے بھی وبا سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔