ڈی چوک پر دھرنے اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں فرق ہے، شیری رحمن

0
219

اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ڈی چوک پر دھرنے اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں فرق ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو آخری دم تک جمہوریت، آئین اور عوام کے خاطر لڑتی رہیں، حکومت جمہوری اقدار اور اصولوں کی قدر اور پاسداری کرے۔جمہوریت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں شیری رحمن نے کہاکہ جمہوریت کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمہوری ممالک اور جمہوریت پسند لوگوں کو مبارباد پیش کرتی ہوں، جمہوریت اور آئین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے والے تمام پاکستانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان نے جمہوریت کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی خالق ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی عوامی، جمہوری اور آئینی حکومت قائم کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد تاریخی اور بے مثال ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آخری دم تک جمہوریت، آئین اور عوام کے خاطر لڑتی رہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کی حکمران جماعت کو جمہوریت اور حکمرانی پلیٹ میں رکھی ملی ہے، ڈی چوک پر دھرنے اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں فرق ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ اس جمہوریت میں ہمارے قائدین، کارکنان اور عوام کا خون اور قربانیاں شامل ہیں، اس جمہوریت کی بے توقیری کبھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت جمہوری اقدار اور اصولوں کی قدر اور پاسداری کرے۔