اربوں ڈالرز کا معاہدہ منسوخ کیا،آسٹریلیا کو ہرجانے کا بل بھیجیں گے، فرانس

0
194

پیرس(این این آئی) فرانس نے اربوں ڈالرز کا دفاعی ٹھیکہ منسوخ کرنے پر آسٹریلیا کو ہرجانے کا بل بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق فرانس کے دفاعی ٹھیکیدار نیول گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پائرے ایرک پومیلٹ نے فرانسیسی اخبارلی فیگارو کوبتایا کہ آئندہ ہفتوں میں بل آسٹریلیا کوبھیجا جائے گا۔انہوں ںے کہا کہ آسٹریلیا کے اچانک فیصلے پر ہم صدمے میں تھے کیونکہ اس سے متعلق ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہت ہی کم کمپنیوں نے اس سفاکیت کا سامنا کیا ہوگا۔پائرے ایرک پومیلٹ نے کہا کہ ان کی فرم آسٹریلیا کی جانب سے معاہدے کوترک کرنے کی وجہ سے اب تک ہونے والے اخراجات اور لاگت کی تفصیلی جائزہ رپورٹ تیارکررہی ہے جس کے بعد بل بھیجا جائے گا۔امریکہ اور برطانیہ نے 15 ستمبرکو ایک نئے ہند بحرالکاہل (انڈو پیسیفک) سیکورٹی اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ یہ اتحاد آسٹریلیا کو جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزوں سے لیس کرے گا۔اس نئے اتحاد کو خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کیاقدام کے طورپردیکھا جارہا ہے۔امریکا اوربرطانیہ سے نیا سودا طے پانے کے بعد آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ 12 روایتی ڈیزل الیکٹرک آبدوزیں تیارکرنے کا معاہدہ ختم کردیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان 27 ارب ڈالرمالیت کا یہ معاہدہ 2016 میں طے پایا تھا۔