مودی حکومت جموں وکشمیرمیں”سب اچھا ہے”کا ڈرامہ رچارہی ہے’ محبوبہ مفتی

0
226

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مقامی انتظامیہ کو لوگوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کے بجائے محض ”بیان بازی اور پروپیگنڈا مشینری ” تک محدود قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے علاقے میں”سب اچھا ہے”کا ڈرامہ رچانے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک کے بعد دوسرے وزیر کے دوروںکے بعد سرینگر میں ایئر شو جیسے پروپیگنڈا ہتھکنڈوں کا مقصدیہ دکھانا ہے کہ جموںوکشمیر میں سب اچھا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں اپنے معمول کے کرتب دکھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ سب اچھا ہے دکھانے کے لئے سرینگر میں ایئر شو جیسے پروپیگنڈاہتھکنڈے اس وقت استعمال کئے جارہے ہیں جب جموں و کشمیر کی تباہ حال معیشت کو 2019 سے اب تک 40 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت پر جب نوجوان خودکشیاں کر رہے ہیں اور بے روزگاری کی شرح 17.8 فیصدہے، مقامی انتظامیہ لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے بجائے پروپیگنڈا مشینری بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کوپروپیگنڈاکرنے اور حقیقت کو چھپانے تک محدود کر دیا گیا ہے اوراسے جموں و کشمیر کے عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔