چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا کوئی قانون موجود نہیں، شاہد خاقان عباسی

0
215

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا کوئی قانون موجود نہیں،حکومت ایک شخص کے لیے قانون میں تبدیلی کررہی ہے،حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہورہاہے،چار ڈالرز والی ایل این جی چودہ ڈالرز میں خریدی جارہی ہے۔احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل ایل این جی ریفرنس پر سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ تین سال سے احتساب عدالت میں کیس چل رہا ہے مگر اب تک انصاف نہیں ملا۔ حکومتی اقدامات کے باعث ایل این جی میں ایک سال میں دو ارب ڈالرز کا نقصان ہوا۔ حکومت چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون میں تبدیلی کررہی ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ ملکی سیاست اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ ذاتیات بھی کسی سے محفوظ نہیں۔ اگر کسی نے کچھ غلط کیا تو مقدمہ درج کیا جائے۔لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتی وزراء تسلیم کر چکے کہ نیب کو کون چلا رہا ہے۔