حکومت کا کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز پسماندہ علاقوں سے کرنے کا فیصلہ

0
201

لاہور( این این آئی)حکومت نے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز سندھ اور پنجاب کے انتہائی پسماندہ اضلاع اور خیبرپختونخواہ ،بلوچستان،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سے کیا جائے گا۔وزارت خزانہ نے کامیاب پاکستان پروگرام کی فنڈنگ کیلئے اسلامی اور روایتی کمرشل بینکوں سے 27 اکتوبر تک درخواستیں طلب کرلی ہیں۔کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ماہانہ 10 ارب روپے اور سہ ماہی بنیاد پر 30 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے۔ جن پر حکومت ماہانہ 5 ارب روپے کی گارنٹی فراہم کرے گی۔ چھوٹے کاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ 3 سال میں قابل واپسی ہوگا۔گھر،کاروبار،کاشتکاری کیلئے ماہانہ 10 ارب روپے کے قرض دیئے جائیں گے، مختلف کیٹیگریز میں ہر خاندان ساڑھے 28 لاکھ 50 ہزار روپے تک قرض لینے کا مجاز ہوگا، قرض کی ادائیگی کیلئے6 ماہ سے 20 سال تک کی مہلت دی جائے گی۔اس پروگرام کے تحت ہر بینک ماہانہ کم از کم 1 ارب روپے کی پیشکش کا مجاز ہوگا، پسماندہ طبقات کو ماہانہ 10 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے۔ حکومت بینکوں کو ماہانہ 5 ارب روپے کی گارنٹی دے گی۔ سرمایہ فراہم کرنے والے بینکوں کو کراچی انٹر بینک آفرڈ ریٹ کے علاوہ بھی 9 فیصد منافع ملے گا۔پروگرام کے تحت 5 مرلہ گھر کیلئے آسان اقساط پر 27 لاکھ روپے کا قرض 20 سال کیلئے ملے گا۔ حکومت 15 سال تک سبسڈی دے گی۔ کامیاب کاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے کا قرضہ 3 سال میں واپس کرنا ہوگا۔کامیاب کسان میں ساڑھے 12 ایکڑ والے کاشتکاروں کو ذاتی گارنٹی پر ایک فصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے ملیں گے، واپسی 6 ماہ میں کرنا ہوگی جبکہ زرعی مشینری یا سامان کیلئے 2 لاکھ روپے قرض ایک سال کیلئے ہوگا۔پروگرام کے تحت قرض لینے والوں کو فیملی صحت کارڈ بھی ملے گا۔ مائیکرو فنانس بینکوں کو قرضوں کی فراہمی میں صرف 10 فیصد تک نقصان کی اجازت ہوگی ۔وزیراعظم عمران خان نے 4 اکتوبر کو کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔