سعودی عرب کی کابینہ میں رد وبدل اور نئی ترقیاں اور تبادلے، شاہی فرامین جاری

0
243

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعہ کی شب شاہی فرامین جاری کیے ہیں جن کے بموجب کئی وزیروں کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کر کے ان کی جگہ نئی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہی فرمان کے تحت مملکت میں وزیر صحت کے عہدے پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر توفیق بن فوزان بن محمد الربیعہ کو وزارت صحت سے ہٹا کر ان کی جگہ فہد بن عبدالرحمن بن داحس الجلاجل کو نیا وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے۔ایک علیحدہ شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل مطلق الزیمع کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں سعودی عرب کی تینوں مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔شاہ سلمان کے رات گئے جاری کردہ فرمان کی روشنی میں عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز العریفی کو معاون وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے عہدے سے سبکدوش کر کے کابینہ کی جنرل کونسل سیکرٹریٹ میں سینئر مشیر مقرر کیا گیا ہے۔شاہی فرمان کی روشنی میں مملکت کے شہروں ینبع، ملج، الوجہ اور ضبامیں ترقیاتی کاموں کے لیے مجاز اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔