نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ پر آگاہی دینے کیلئے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا،وزیر اعظم

0
176

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ پر آگاہی دینے کیلئے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا،روایتی موضوعات سے ہٹ کر تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہونگی۔ جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان سے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونْک، سید جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف نے ملاقات کی جس میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے ،ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ بتایاگیاکہ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ اس کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوان نسل کو اسلامی تاریخ پر آگاہی دینے کیلئے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ روایتی موضوعات سے ہٹ کر تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہونگی۔ انہوںنے کہاکہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کا ایسا کردار ہے جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے،صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا،صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز نوجوانوں کو اس تاریخی کردار پر آگاہی دیگی۔