صوبہ خیبر پختون خوا میں (کل)بلدیاتی انتخابات ہونگے ، انتخابی مواد کی ترسیل شروع

0
332

پشاور(این این آئی)صوبہ خیبر پختون خوا میں (کل)اتوار 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ہونگے ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے (آج) اتوار کو پولنگ ہو گی، بلدیاتی انتخابات پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، خیبر، مہمند، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں ہو رہے ہیں۔میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کیلئے بھی ووٹنگ ہو گی، ویلیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے چیئرمین اور ارکان کا چنائو بھی ہو گا۔صوبے بھر میں امیدواروں کی تعداد 37 ہزار 752 ہے، جن میں سے تحصیل چیئرمین اور میئر کی نشستوں کیلئے 689 امیدوار، ویلیج اور نیبر ہڈ کونسلز میں جنرل نشستوں کیلئے 19 ہزار 282 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ویلیج اور نیبرہڈ کونسلز میں خواتین نشستوں کیلئے 3 ہزار 870 امیدوار، کسان و مزدور نشستوں پر 7 ہزار 428 امیدوار، نوجوانوں کی نشستوں کے لیے 6 ہزار 11 امیدوار جبکہ اقلیتی نشستوں پر 293 امیدوار میدان میں آئے ہیں۔الیکشن کمشنر خیبر پختون خوا کے مطابق ہر ووٹر کو 6 مختلف رنگوں کے بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے،جن پر پارٹی کا نام اور نشانات درج ہوں گے۔میئر اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کے لیے بیلٹ پیپر سفید، ویلیج، نیبرہڈ کونسل کی جنرل نشست کے لیے سلیٹی رنگ کا ہو گا۔خواتین کی نشست کے لیے بیلٹ پیپر گلابی، نوجوان امیدواروں کی نشست کے لیے پیلا، کسان و مزدور کی نشست کے لیے سبز رنگ جبکہ اقلیتی نشست کے لیے بھورا ہو گا۔ہر ووٹر 3 جنرل نشستوں کے امیدواروں میں سے صرف 1 امیدوار کو ووٹ ڈال سکے گا۔الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور شعبہ تعلقاتِ عامہ سے رابطہ کریں اور گمراہ کن و بے بنیاد جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں