ایران کے لیے روس کے خصوصی ایلچی کی امریکی ہم منصب سے ملاقات

0
304

ویانا(این این آئی)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایران سے جوہری مذاکرات میں شریک روس کے خصوصی ایلچی نے اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میخائل علیانوف نے ٹویٹرپرایران کے بارے میں امریکا کے خصوصی ایلچی رابرٹ میلے سے ملاقات کی اطلاع دی اور کہا کہ ویانا مذاکرات میں روسی اور امریکی وفود کے درمیان قریبی مشاورت اور ہم آہنگی 2015 میں ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی کی جانب پیش رفت کے لیے ایک اہم شرط ہے۔ویانا مذاکرات میں جوہری سمجھوتے میں امریکا کی دوبارہ شمولیت اور ایران کی جانب سے اس کی شرائط کی پاسداری سے متعلق امورپرغورکیا جارہا ہے۔ مذاکرات کاایک اور مقصد ایران سے جوہری سمجھوتے کی تعمیل اور اس کے جوہری پروگرام پرعاید تمام قدغنوں کا دوبارہ نفاذ ہے۔