ٹیکساس سینیگاگ پر حملہ، برطانوی وزیراعظم کا یہودی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی

0
177

لندن(این این آئی)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے امریکی ریاست ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم برطانیہ اور ٹیکساس کی یہودی کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق لندن سے جاری اپنے بیان میں بورس جانسن نے مزید کہا کہ یہ دہشت گردی کی خوفناک اور یہود مخالف کارروائی تھی، برطانوی حکام ٹیکساس اور امریکا کے قانون نافذ کرنے والوں سے تعاون کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں یہودی کمیونٹی کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، امریکی ہم منصب سے رابطہ ہوا ہے، ایف بی آئی سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ پریتی پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکساس واقعے کے بعد باہمی تعاون اور انٹیلی جنس کا تبادلہ جاری ہے۔ شیڈو ہوم سیکریٹری ایوٹ کو پر نے کہا کہ یہ قابل تشویش ہے کہ یرغمال بنانے والا شخص برطانوی شہری ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ساتھ مانچسٹر سے گرفتار دو ٹین ایجرز سے پولیس کی پوچھ گچھ جاری ہے۔