روس نے یوکرین کے سر پر بندوق تان رکھی ہے، برطانوی وزیراعظم

0
207

کیف (این این آئی)یوکرین پر ممکنہ حملے کے خطرات کے پیش نظر امریکا اور برطانیہ نے روس پر سنگین اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بورس جانسن نے امریکا اور اپنے دیگر اتحادی ممالک سے یوکرین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور روس کے ممکنہ حملے کے نتیجے میں لائحہ عمل کے حوالے سے گفتگو کی۔پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے الزام عائد کیا کہ روس نے یوکرین کے سر پر بندوق تان رکھی ہے۔انہوں نے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن کو خبردار کیا کہ اگر ان کی فوج نے یوکرین پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کی تو انہیں تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اتفاق کیا ہے کہ یوکرین پر کسی بھی قسم کے روسی حملے کے نتیجے میں ہم مربوط اور شدید اقتصادی پابندیاں عائد کردیں گے ، یہ ایسی پابندیاں ہوں گی جن کا آج سے قبل روس نے کبھی سامنا نہیں کیا۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا روس کو مالیاتی ادائیگیوں کے عالمی سوئفٹ نظام سے بھی بے دخل کیا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ ایک ممکنہ ہتھیار ہو سکتا ہے اور ہم اس حوالے سے امریکا سے رابطے میں ہیں۔برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اگر نیٹو کی افواج روس کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرتی ہیں تو ان کی افواج بھی شانہ بشانہ شرکت کریں گی۔