امریکا اور چین کے درمیان تنازعہ حل کرنے میں پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے، فواد چوہدری

0
245

بیجنگ(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تنازعہ حل کرنے میں پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق گفتگو میں بتایا کہ عمران خان سے چین میں سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں ہوئیں، کراچی اور فیصل آباد میں پانی کے منصوبوں سے متعلق گفتگو ہوئی، کراچی میں کے فور منصوبہ، حب کینال جبکہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی (آج) اتوار کو چین کے صدر سے ون آن ون ملاقات ہوگی۔فواد چوہدری نے کہا کہ چین کے سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ شریک ہوئی، پاکستان کی ٹیم کا چین کے عوام کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا گیا، پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے عوام کی ایک دوسرے کیلئے محبت کے اظہار پر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے زور دیا کہ دنیا ایک اورسردجنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، امریکا اور چین کے درمیان تنازعہ حل کرنے میں پاکستان کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔