وزیراعلی حمزہ شہباز سے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات

0
265

لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میںمجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ ،علی حیدر گیلانی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر اورعطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔پیپلزپارٹی کے وفد نے حمزہ شہباز شریف کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ملاقات میں صوبے کی ترقی کے لئے مل جل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں،رواداری اور احساس حقیقی سیاسی روایات ہیں،عہدے عارضی ہوتے ہیں،انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا،پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو چکا ہے جہاں سے چار سال پہلے منقطع ہوا تھا،وقت کم ہے، دن رات کام کرنا ہوگا،دوستوں کے مشوروں کا خیر مقدم کریں گے،ہم سب ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکجا ہو کر کام کر رہے ہیں۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دورے کا مقصد حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینا تھا ۔ملاقات میں سپیکر شپ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ۔ بلاول بھٹو زرداری کی لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کر چکے ہیں۔ ہمارا پنجاب کی سپیکر شپ کا کوئی مطالبہ نہیں ہے ، ہم ان شا اللہ پنجاب میں اکٹھے کام کریں گے