قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اورسازش قبول نہیں کریں گے ،عمران خان کا وجود سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ‘مسلم لیگ (ن)

0
255

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اورسازش قبول نہیں کریں گے ،عمران خان کا وجود پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، قومی سلامتی کے اداروں پر بہتان غداری ہے ،ایک جھوٹا اور مکروہ شخص اپنی انا ء کی خاطر پاکستان کی سلامتی کو دائو پر لگا رہا ہے، کسی بیرونی سازش کا خطرہ نہیں بلکہ اس شخص کا وجود ملک کے لئے خطرہ ہے ،لانگ مارچ کے نام پر فساد برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس نے عمران خان پر احسان کیا اس کو نقصان پہنچایا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ نام نہاد وزیراعظم نے تمام حدیں پار کر دی ہیں ، اس بات کی بھی پرواہ نہیں کی گئی کہ دشمن کس بات سے خوش ہوتے ہیں ،میر صادق میر جعفر وہ ہوا کرتا ہے جو محسن کی کمر میں چھرا گھونپیں جو انتقام میں اندھا ہوکر مظالم ڈھائے، جس نے عمران خان پر احسان کیا اس کو عمران خان نے نقصان پہنچایا ،جہانگیر ترین اورعلیم خان کو فون کرکے ہتھکڑی لگوائی،محسن بیگ کے ساتھ کیا کیا ،محسن کش عمران خان نے سپہ سالار کے خلاف بات کی ،اب ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کر دی ہے ،پہلے بین الاقوامی سازش کا ڈھنڈورا پیٹا جس کا کوئی ثبوت نہیں آیا، عمران خان کبھی خود کو اسلامی دنیا کا لیڈر اور کبھی ولی ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جیل میں بند کرو ٹھوک دو اب ایسا نہیں کرنے دیں گے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان اپنی نااہلی کرپشن اورنالائقی کا دوش ہمیں دیں اور نہ سپہ سالا ر کو اس کا ذمہ دار ٹھہرائیں،آپ روم کو جلانا چاہتے ہیں لیکن ہم بانسری چھین کر روم کو جلنے سے بچائیں گے، دفاعی اداروں پر حملوں کی اجازت نہ دیں گے نہ انہیں برداشت کیاجائے گا ،دشمنوں کے ایجنڈے کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے، عمران خان اپنی زبان کو لگام دیں ،آپ کی کرپشن کی فائلیں بھری پڑی ہیں۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ عمران خان شہر شہر جلسے کررہے ہیں ، ان کے سازش کے بیانیہ کو سکیورٹی ادارے اور ڈی جی آئی ایس پی آر جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے رہے ہیں، عمران خان کے جھوٹ کو کب تک برداشت کریں، جھوٹ بار بار دہرا رہے تاکہ وہ سچ لگنا شروع ہو جائے ، عمران خان مکروہ ترین جھوٹا شخص ہے ان کے جوکر نما ڈپٹی سپیکر نے اسمبلی کوغدار قرار دے کر اسمبلی کو توڑ دیا، عمران خان خود کو سراج الدولہ کے ساتھ ملاتے ہوئے عمران خان کو شرم آنی چاہیے، غداری کے فتوے دے کر ملک کے وجود کو خطرہ قرار دے رہے ہیں، پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو سازش میں ملوث کررہے اسے برداشت نہیں کریں گے،آئین کو توڑنا غداری نہیں کیا پارلیمنٹ کو تحلیل کرنا غداری نہیں ،عمران خان آپ غداری کے مرتکب ہیں ،آپ کے کہنے سے غداری نہیں ہوگی، عمران خان نے جلسوں میں کھلے عام سپورٹرز کو کہا مخالفین پر ڈاکو غداری کے نعرے کسنے شروع کر دو ،آپ ایسی تقسیم کرنا چاہتے ہیں گلی کوچوں میں دھنگا فساد ہو ،یہ سازش بھی ناکام ہوگی،اصل سازش عمران خان کررہے ہیں ،جھوٹ کی بنیاد پر ریاست کی سالمیت کو خطرہ میں ڈالتے ہیں تو کیا یہ غداری نہیں