سرینگر’ یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا کیخلاف کئی علاقوں میں ہڑتال، 10 نوجوان گرفتار

0
278

سرینگر(این این آئی) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی( این آئی اے) کی خصوصی عدالت کی طرف سے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو عمر قید کی جانبدارانہ اور غیر منصفانہ سزا کے خلاف سرینگر کے کئی علاقوں اور ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں دوسرے روز بھی بیشتر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شہر کے مائسمہ ، آبی گزر ، لال چوک اور ڈائون ٹائون علاقوں میں دکانیں اور دیگر کاروباری مراکز بند رہے۔ ترال میں بھی ہڑتال کی گئی۔بھارتی پولیس نے گزشتہ روز مائسمہ اور سری نگر کے دیگر علاقوں میں بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی تھی جسکے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑہیںہوئی تھیں۔لال چوک سٹی سینٹر سے کچھ فاصلے پر واقع مائسمہ میں یاسین ملک کی رہائش گاہ کے قریب خواتین سمیت سینکڑوں لوگوں نے جمع ہو کر اسیر رہنما کی حمایت میں نعرے لگائے۔ لوگوں کو بھارت مخالف مزید مظاہروں سے روکنے کے لیے شہر میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز اہلکار تعینات کیے گئے ۔دریں اثنابھارتی پولیس نے مائسمہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران 10 نوجوانوں کو بھارت مخالف نعرے بازی اور مظاہروں کے الزام میں گرفتار کر لیا۔