وزیر اعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیر جیل اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم

0
257

اسلام آباد (این این آئی)دس سال سے زیر تعمیر جدید اسلام آباد جیل کمپلیکس کی قسمت جاگ گئی، وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے سلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیر جیل اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا ،وزیراعظم نے جیل منصوبے کے جائزے کے لئے 6 رکنی کمیٹی بنا دی ،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں کمیٹی کے سربراہ مقرر کر دیئے گئے ، سیکرٹری ٹو وزیراعظم ڈاکٹر توقیر شاہ کے دستخطوں سے حکمنامہ جاری کر دیا گیا ،کمیٹی کے ارکان میں داخلہ، ہاؤسنگ، منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکریٹری، چیف کمشنر اسلام آباد اور چئیرمن سی ڈی اے شامل ہیں ،وزیر اعظم نے کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کمپلیکس کا سالوں سے زیر التوا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ،جدید ترین عالمی معیار اور سہولیات کی حامل اسلام آباد جیل کی تعمیر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد جیل کمپلیکس کو دنیا کی جدید جیلوں کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے،عمارت کی تعمیر نہ ہونے سے اسلام آباد کے قیدیوں کو گزشتہ 6 دہائیوں سے اڈیالہ جیل میں رکھا جارہا ہے ،موٹر وے کے قریب سیکٹر ایچ 16 میں90 ایکڑ پر محیط یہ جدید جیل تعمیر ہو رہی ہے، دو منزلہ بیرکوں والی اس جیل میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھا جائے گا ، سکول، مساجد، ٹریننگ سینٹر، کھیل کے میدان، آئی سی ٹی کی عدالتیں بھی اس جیل کمپلیکس کا حصہ ہیں،جیل حکام کی تربیت کا مرکز بھی منصوبے کا حصہ ہے۔