عالمی برادری سے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاست دہشت گردی رکوانے کی اپیل

0
421

سرینگر(این این آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیریوں کے قتل اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جمیل احمد، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور جموں و کشمیر مسلم لیگ نے اپنے بیانات میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکوم کشمیریوں کو 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسزکے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ ماہ جون میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ شہید نوجوانوں کی میتیں انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کے بجائے دور دراز کے علاقوں میں گمنام قبروں میں دفن کی جاتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ جابرانہ اقدامات سے اسے کچھ حاصل نہیں ہوا ہے اور کشمیریوں نے اخلاقی طور پر اسے شکست دی ہے۔بیانات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انتونیو گوٹیرس اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔