انتظار ختم’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو اکتوبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

0
239

ِکراچی (این این آئی)فلمی شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ پروڈیوسرعمارہ حکمت اور ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو رواں برس اکتوبر میں ریلیز کردیا جائے گا۔فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شیئر کیے گئے فلم کے نئے پوسٹر کے ساتھ اس کی ریلیز کا اعلان کیا گیا۔پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے فلم کو 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینماؤں میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ‘ورائٹی’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان پر ماہرہ خان اور فواد خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ فلم شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب جائے گی۔فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ جس طرح وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لطف اندوز ہوئے تھے، شائقین بھی ایسے ہی اسے دیکھنے کے بعد خوش ہوں گے۔ماہرہ خان کا فلم کی ریلیز کے اعلان کے موقع پر کہا ہے کہ انہوں نے ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی شوٹنگ کے دوران اداکاری کی ایسی زبان سیکھی، جو انہیں پہلے نہیں آتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ چاہے وہ کسی اور فلم یا ڈرامے کی تشہیر میں مصروف رہتی تھیں مگر ان سے ہمیشہ ہی لوگوں نے ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے بارے میں پوچھا۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ فلم شائقین کو لطف اندوز کرنے میں کامیاب جائے گی۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کو ابتدائی طور پر 2013 کے بعد بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور طویل عرصے بعد 2017 میں اس کی پہلی جھلکیاں جاری کی گئی تھیں۔فلم کا ٹریلر 2018 میں ریلیز ہونے کے بعد اس فلم کی ٹیم کا اسی نام سے بنائی گئی پرانی پنجابی فلم کی ٹیم سے تنازع ہوا اور معاملہ عدالتوں تک جا پہنچا۔پرانی فلم ‘مولا جٹ’ کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی نے نئی فلم کی ٹیم پر کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر دونوں پارٹیوں کے درمیان فروری 2020 میں معاہدہ ہوگیا تھا۔