عمران خان اشرف غنی ملاقات ،تشدد کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق

0
456

کابل (این این آئی)پاکستان اور افغانستان نے قریبی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے افغانستان میں دہشتگردی کے واقعات کے حالیہ سلسلے کو کم کرنے کیلئے اپنی مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طاقت سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا ، پاکستان کی حکومت اور افغانستان کے عوام امن چاہتے ہیں اور افغانستان میں تشدد کی کمی کیلئے پاکستان جو کرسکا وہ کریگا، دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے رہنے چاہئیں ۔جمعرات کو وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے ،کابل ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان اوروفد کا استقبال افغان وزیرخارجہ محمد حنیف اتمر نے کیا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اورافغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں ۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے دوطرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے سب سے پہلے صدر اشرف غنی کی جانب سے کابل کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا میں 50 سال سے کابل اور افغانستان کا دورہ کرنے کا سوچ رہا تھا تاہم یہ کبھی ہو نہیں سکا اور اب آپ نے مجھے یہ موقع فراہم کیا ہے