مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بے دخل کیا جارہا ہے’محبوبہ مفتی

0
417

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے غیر کشمیری لوگوں کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں آباد ہونے کی دعوت دینے اور مقامی کشمیریوں کو بے گھر کرنے پر فسطائی مودی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یہ بات بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے پر بھارت پر تنقید کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ370 کو منسوخ کرنے کے ساتھ ہی کشمیری عوام کو دبانے کے لئے ظالمانہ قوانین کو علاقے میں نافذ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ ملکر بھارت کو جموں و کشمیر میں اس طرح کے قوانین کے نفاذ کی اجازت نہیں دوںگی اور اس طرح کے اقدامات کی ہرمحاذ پر مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ چونکہ ہمارے ڈومیسائل قانون کو ختم کردیا گیاہے اور بھارتی حکومت پورے بھارت سے لوگوں کو لا رہی ہے جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو بے دخل کیا جارہا ہے۔انہوں نے ان لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے جنہیں زمین خالی کرنے کے لئے کہا گیاہے، کہا کہ انہیں دیوارکے ساتھ لگایا گیا ہے اور انہیں سخت اقدامات کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمران جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہیں اور وہ گزشتہ 70 سال سے اصل مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں ۔محبوبہ مفتی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے ڈاکٹر فاروق کی جائیداد ضبط کرنے کوسراسر سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور این آئی اے جیسی ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے محض اپنے نمبر بڑھا رہی ہے۔