نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق برطانوی رکن پارلیمنٹ کا بورس جانسن کو خط

0
291

لندن(این این آئی)سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ایک برطانوی رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم بورس جانسن کو خط لکھ کر استفسار کیا ہے کہ کیا نواز شریف کو واپس بھیجنے کے لیے کوئی راستہ اختیار کیا جائے گا؟نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اسٹیفن ٹمز نے ایک خط کے ذریعے وزیر اعظم بورس جانسن سے استفسار کیا ہے کہ کیا برطانوی حکومت نواز شریف کو واپس بھیجنے کا کوئی راستہ اختیار کرے گی؟اسٹیفن ٹمز نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو یہ خط 16 دسمبر کو تحریر کیا تھا، انھوں نے لکھا کہ میرے علاقے کے رہائشی خالد لودھی نے بھی آپ کو نواز شریف کی واپسی پر خط لکھا تھا جس میں پاکستان کی طرف سے تارکین وطن کی پرواز قبول نہ کرنے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔اسٹیفن ٹمز کا کہنا تھا کہ برطانیہ نواز شریف کی واپسی کا پابند ہے، دوسری طرف خالد لودھی نے کہا ہے کہ انھوں نے وزیر داخلہ اور نواز شریف کے رہائشی علاقے کے رکن پارلیمنٹ کو بھی خط لکھے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کی غرض سے برطانیہ آئے تھے اور اب انھیں برطانیہ میں ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔