کوئی بھی محب وطن شہید بھٹو کی کاوشوں و منصوبوں کو فراموش نہیں کرسکتا ، بلاول بھٹو

0
303

کراچی (این این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے دشمنوں نے قائدِ عوام کو عدلیہ کے ذریعہ قتل کرایا، کوئی بھی محب وطن پاکستانی شہید بھٹو کی کاوشوں و منصوبوں کو فراموش نہیں کرسکتا۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 93 ویں یوم پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام ملک میں جمہوریت اور مساوی حقوق کے لئے جدوجہد کا سب سے بڑا آئیکن اور بنیاد رکھنے والا ہے۔ شہید بھٹو نے سقوطِ ڈھاکا کے بعد ملک کے ٹوٹے پھوٹے ٹکڑوں کو اٹھایا اور سیاسی طور مایوس عوام میں نئی روح پھونکی۔انہوں نے کہا کہ عوام میں نئی روح پھونک کر ملک کے بانی اجداد کے خواب کو نئی جِلا بخشی۔ شہید بھٹو نے اپنے سیاسی و سفارتی تدبر کے ذریعے دشمن سے 90 ہزار جنگی قیدیوں کو رہا کروایا۔ انہوں نے ہزاروں مربع کلومیٹر زمین کو واگزار کرانے کے ساتھ ساتھ ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کا مقصد مستقبل میں اس طرح کی نقصان کو دوبارہ ہونے سے ملک کو بچانا تھا۔ کوئی بھی محب وطن پاکستانی شہید بھٹو کی کاوشوں و منصوبوں کو فراموش نہیں کرسکتا۔ وہ کاوشیں جن کے ذریعے شہید بھٹو نے مائیکرو خواہ میکرو صنعت کو فروغ دے کر ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بھٹو نے تعلیم ادارے قائم کیئے، متفقہ آئین دیا اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو سیاسی طور بااختیار بنایا۔ اپنی نصف صدی پر مبنی زندگی کے دوران ملک کے لیئے جو کچھ کیا اس کی قائداعظم کے بعد کوئی نظیر نہیں۔