مچھ واقعہ میں انٹر نیشنل اور داعش مافیا ملوث ہے،شیخ رشید

0
265

اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہرہے،اسلام آباد لاہور پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے خطرات ہیں،ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے، داعش سمیت دیگر تنظیموں کا نام آ رہا ہے مگر ابھی بطور وزیر داخلہ کنفرم نہیں بتا سکتا، مچھ واقعہ کچھ لوگ سیاست کررہے ہیں ، بلاول اور مریم کی تقریر سیاسی تھی ،جیسے سیکیورٹی کلیئرنس دی جائیگی وزیراعظم کوئٹہ روانہ ہو جائیں گے۔ جمعہ کو وفاقی داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئٹہ کا واقعہ ہوا تو اگلے دن وزیر اعظم کی ہدایت پر کوئٹہ پہنچا ۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی کو کئی عرصے سے زیادتی ہو رہی ہے،شیعہ سنی فساد کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،ہزارہ کمیونٹی کے تمام تر مطالبات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا،ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے چار ایسے گرہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے،ہم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں،کچھ لوگ سیاست کررہے ہیں سیاست کیلئے بڑا وقت ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں۔ انہوںنے کہاکہ زلفی بخاری اور علی زیدی کوئٹہ میں ہیں امید ہے معاملہ حل ہوجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ جیسے ہی تدفین ہوگی ،وزیر اعظم جانے کے تیار ہیں،عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائیں تاکے کھل کر بات چیت ہوسکے۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہرہے،اسلام آباد لاہور پشاور اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے خطرات ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے بلوچستان حکومت کا ختم کیا جائے ،یہ میرے بس میں نہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے تاخیر سے جانے کی بہت سی وجہ ہیں جوشیئر نہیں کی جاسکتیں،بہت کچھ پتہ چل گیاہے، بہت سی باتیں نہیں بتاسکتے،بات جنازوں کی نہیں خاص وجوہات ہیں ،جنازوں کا احترام ہوتا ہے، وزیر اعظم بہتر سلیقے سے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول اور مریم نے سیاسی تقریر کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ شہید افغانی شہریوں کو بھی برابر معاوضہ دیا جائے گا،اسلام آباد کی سیکورٹی کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ایف سی کو ہدایات دی ہیں کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو سرچ آپریشن کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ ہزارہ کمیونٹی واقعہ پر تمام انتظامیہ کو معطل کر دیا گیا ہے،اس واقعہ پر بہت سے اقدامات لیے گئے ہیں مگر شیئر نہیں کر سکتے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ داعش سمیت دیگر تنظیموں کا نام آ رہا ہے مگر ابھی بطور وزیر داخلہ کنفرم نہیں بتا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ یہاں ایسی کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے شیعہ سنی فساد پیدا ہو۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ غفور حیدری نے کہا ڈٹے رہو۔ اسلام آباد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ چھ چوریاں ہوئی ہیں تین کے ملزمان پکڑ لیے ہیں،ایک ڈکیت گروہ کے قریب ہیں،دو کا ابھی پتا نہیں۔انہوںنے کہاکہ ناکوں پر بزرگ لوگوں کو روکا جاتا تھا،بھتے کا بھی انصر تھا،ویزہ آن لائن کر دیا گیا ہے،ایف آئی اے کو بھی نادرا کو بھی بہتر کریں گے۔