اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام وفاقی وزارتیں متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں،ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا،وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریاں کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرے گا۔ اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ڈیجیٹل نیشن پروگرام کے تحت وفاقی وزارتوں کی کارکردگی، متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن پر پیشرفت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ مختلف وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات، کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزارت صحت سے متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی اور ادویات کی معیاری تصدیق میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلقہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کے عمل کومعینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں ۔انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریاں کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد درحقیقت قومی سطح پر شہریوں کے لیے موثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ قومی سطح پر تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے کارآمد ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عمل درامد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ وزارتوں کی کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن دراصل کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سد باب کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے

