گلگت (این این آئی)گلگت بلتستان کے محکمہ خوراک کے گوداموں میں گندم کی محدود دستیابی کے باعث رواں ماہ عوام کو فی کس 7.5 کلو کے بجائے صرف 5 کلو آٹا فراہم کیا جائے گا۔
ضلعی فوڈ کنٹرولر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے نئے مالی سال کے لیے سبسڈی والی گندم تاحال فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث آٹے کی فراہمی عارضی طور پر کم کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں گندم سبسڈی کی مد میں 5 ارب روپے کی کٹوتی کیے جانے کے بعد مستقبل میں فی کس 7.5 کلو کے بجائے 6.5 کلو آٹا فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
آٹے کے کوٹے میں کمی پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو احتجاج سامنے آ سکتا ہے۔ تاہم حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

