اسلام آباد(این این آئی)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)کی معاونت سے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کا اجلاس قطر میں منعقد ہوا۔ایس آ ئی ایف سی کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور اہم معاشی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پاکستانی وفد نے قطری سرمایہ کاروں کو رابطہ کاری کے منصوبوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی)، بحری شعبے اور آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کے امکانات اجاگر کیے۔پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی شراکت داری کے فروغ سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ایس آئی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی تعاون کو وسعت دینے کے لیے قطر سمیت خلیج تعاون کونسل(جی سی سی)کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

