Sunday, November 1, 2026
ہومHomeبیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں شیخ سعید احمد کی جانب سے...

بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں شیخ سعید احمد کی جانب سے پرتکلف عشائیہ، قونصل جنرل سمیت پاکستانی کمیونٹی کی شرکت

جدہ(این این آئی)وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک کی سعودی عرب آمد کے موقع پر شیخ سعید احمد کی جانب سے ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل جدہ سید مصطفی ربانی، قونصلیٹ کے افسران، سعودی عرب کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں رضوان الحق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بیرسٹر امجد ملک کی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔پاکستان کے قونصل جنرل جدہ سید مصطفی ربانی نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو قونصلیٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم اور عمرہ زائرین کی بروقت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی، بالخصوص سعودی عرب میں آباد پاکستانی کمیونٹی، ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال لاکھوں پاکستانیوں نے 58 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی درحقیقت پاکستان کے سفیر ہیں، جبکہ سعودی عرب میں مقیم تقریباً 30 لاکھ پاکستانی وطن کا ہر اول دستہ ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کو تیز رفتار اور مؤثر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے شکایت پورٹل، سہولت کاری ڈیسک اور پنجاب کے 37 اضلاع میں خصوصی عدالتوں کا قیام اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی سالانہ کارکردگی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات و خدمات کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی دی۔تقریب سے علی خورشید ملک نے بھی خطاب کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے اتحاد و یکجہتی، باہمی تعاون اور پاکستان کی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے صدر عدنان بٹ نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصل عرفان چوہدری، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ، چوہدری فاروق انجم، نور محمد آرائیں، چوہدری عبدالوحید، چوہدری محمد ثقلین گجر، چوہدری محمد طارق اقبال، میاں رضوان الحق، جان گلزار، چوہدری احسان الٰہی گجر، مرزا عثمان، احمد رضا ڈار، چوہدری ظہیر احمد، چوہدری دلپذیر اور چوہدری غلام عباس سمیت جدہ کی متعدد سرکردہ شخصیات شریک ہوئیں۔ریاض سے عدنان بٹ، رانا طارق محمود اور محمد جمیل ربانی، مکہ مکرمہ سے چوہدری صدیق گجر اور ملک ارشاد حسین، ابھا و خمیس مشیط سے رانا شاہد اور ان کی ٹیم، جازان سے چوہدری نفیس گجر، جبکہ طائف سے ظفر اقبال اور ممتاز احمد بڈانی نے شرکت کی۔ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ مریم وسیم اور اْم عبدالرحمان بھی تقریب میں موجود تھیں۔تقریب کے اختتام پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی جانب سے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ بیرسٹر امجد ملک کو قرآن کریم کا خوبصورت نسخہ بطور تحفہ پیش کیا گیا۔

Related News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Popular

Comments