اسلام آباد(این این آئی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اہم دورے پر (آج )منگل کی صبح پاکستان پہنچیں گے۔دورہ پاکستان کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسلام آباد میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری شامل ہیں۔اس مرتبہ بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کریں گے جہاں وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاری کا خود مشاہدہ کریں گے،2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔اسلام آباد میں انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔یو این ایم او جی آئی پی بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا مشن ہے۔اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 1949 میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پیدا ہوئے، انہوں نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، وہ پرتگالی، انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانیں روانی سے بولتے ہیں۔انتونیو گوتریس کی شادی کاتارینا ڈی المیڈا واز پنٹو سے ہوئی اور ان کے دو بچے، ایک سوتیلا بیٹا اور تین پوتے پوتیاں ہیں۔انتونیو گوتریس اس وقت اقوام متحدہ کے نویں سیکریٹری جنرل ہیں، جنہوں نے یکم جنوری 2017 کو اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالیں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بننے سے قبل انتونیو گوتریس جون 2005 سے دسمبر 2015 تک اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے منصب پر فائز رہے۔

