اسلام آباد(این این آئی) وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ ہم برطانیہ میں جیری (Gerry) کنٹریکٹ کے حوالے سے نائب وزیرِ اعظم اسحٰق ڈار کے بروقت فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں، عوام کی جانب سے آنے والی شکایات پر اس معاہدے کا دوبارہ جائزہ لیا گیا ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کو ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔
امجد ملک جو چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز ٹو اسحٰق ڈار صدر انٹرنیشنل افیئرز پاکستان بھی ہیں نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ اس مداخلت کے بعد اب اس سروس کا استعمال لازمی نہیں بلکہ اختیاری کر دیا گیا ہے،اب یہ عوام کی مرضی ہے کہ وہ اس سروس کو استعمال کریں یا پھر براہِ راست ایمبیسی جا کر ٹوکن حاصل کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ اس کے علاوہ عوام کی سہولت کے لیے فیسوں کے ڈھانچے پر نظرِ ثانی کر کے ان میں کمی بھی کر دی گئی ہے، جو کہ ایک بڑا ریلیف ہے۔امجد ملک نے کہا کہ یہ اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ حکومت عوامی آواز کو اہمیت دیتی ہے اور مسائل کے حل کے لیے جوابدہ ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کی تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنانا ایک بہترین طرزِ حکمرانی ہے جس سے نظام میں شفافیت آئے گی، ہم اسحٰق ڈار کے مشکور ہیں کہ انہوں نے عوامی مطالبے پر فوری ایکشن لیا اور یہ اہم تبدیلیاں ممکن بنائیں۔

