اسلام آباد (این این آئی)وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب، سپریم کورٹ آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے سالیسٹر ایڈووکیٹ اور ممتاز اوورسیز پاکستانی رہنما بیرسٹر امجد ملک نے اپنے دیرینہ دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے اعزاز میں سرینا ہوٹل اسلام آباد کے زمانہ ریسٹورنٹ میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔تقریب میں سیاسی، عسکری، عدالتی، قانونی، انتظامی، صحافتی، کاروباری اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

عشائیے کی فضا باہمی احترام، خلوص، قومی یکجہتی، محبت اور برسوں پر محیط دوستیوں کی خوبصورت یادوں سے معمور رہی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات تھے جبکہ بیرسٹر امجد ملک کے سابق ہم جماعت اور دیرینہ دوست وفاقی سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان ایڈووکیٹ نے خصوصی مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔عشائیے کا ایک خوشگوار اور یادگار پہلو بیرسٹر امجد ملک کے بچپن کے دوست سینیٹر چوہدری عابد شیر علی اور ان کی اہلیہ کو شادی کی مبارک باد پیش کرنا تھا۔بیرسٹر امجد ملک اور دیگر شرکاء نے نومنتخب ازدواجی رفاقت کے اس نئے سفر پر دونوں کو دلی مبارک باد دی اور ان کی خوشحال، کامیاب اور پْرمسرت ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے جنرل (ر) زبیر محمود حیات کی پاکستان کے لیے طویل، نمایاں اور بے لوث عسکری خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قومی اداروں میں خدمات انجام دینے والے افسران اور اہلکار ملک کی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے گراں قدر کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور قومی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے افراد پوری قوم کی عزت، محبت اور اعتراف کے مستحق ہیں۔بیرسٹر امجد ملک نے اپنے دیرینہ دوست اور وفاقی سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور کی قومی ذمہ داریوں اور اہم انتظامی خدمات کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ اہم حالات میں وزارتِ داخلہ جیسے حساس شعبے کی ذمہ داریاں نہایت اہمیت کی حامل ہیں اور قومی اداروں میں دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دینے والے افسران ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔تقریب کے دوران برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی چوہدری عبدالرحمن آرائیں کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا رکن بننے اور آزاد کشمیر کابینہ میں وزیرِ سیاحت کی ذمہ داری سنبھالنے پر خصوصی مبارک باد پیش کی گئی۔بیرسٹر امجد ملک نے اس کامیابی کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی قانون ساز اداروں اور حکومتی ذمہ داریوں میں عملی شرکت ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 80 لاکھ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی معیشت، ترقی، جمہوری عمل اور عالمی تشخص میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جن میں سے دس لاکھ سے زائد برطانیہ میں مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی صرف زرمبادلہ بھیجنے والے افراد نہیں بلکہ وطن عزیز کے حقیقی شراکت دار ہیں۔ ان کی صلاحیتوں، تجربے، سرمایہ کاری اور سیاسی و سماجی خدمات سے بھرپور استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عشائیے میں سینیٹر چوہدری عابد شیر علی اور ان کی اہلیہ، رکن قومی اسمبلی ماہ جبین عباسی، رانا مشہود احمد خان، سی ڈی اے کے ڈائریکٹر نوازش علی خان عاصم، پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سابق چیئرمین اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ فخر حیات اعوان، اے آئی ایل برطانیہ کے صدر سعید ہاشمی، بیرسٹر سجیل احمد، ایڈووکیٹ حسن مان، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نعیم گجر، اے این ایف کے طارق کیانی، فہیم انور، کرنل طلحہ سعید، آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے سابق رجسٹرار ادریس مغل اور آزاد کشمیر کے وزیرِ سیاحت چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے شرکت کی۔دیگر شرکاء میں ممتاز صحافی رؤف کلاسرا، این این آئی کے حافظ عبیدالرحمن، شمشاد علی خان، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی ٹیم کے رفیق غوری، انظر مہمان، پی ٹی وی کے محمد رمضان، مانچسٹر میں سابق کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اور ایس آئی ایف سی کے ایڈیشنل سیکرٹری ساجد قاضی، قائداعظم یونیورسٹی کے وسیم صاحب، مسلم لیگ (ن) کے خواجہ رمیز، پارک ویو گروپ کے ثاقب صاحب اور ان کی اہلیہ سدرہ ثاقب، فرانس سے طلعت چوہان، ایڈووکیٹ جاسم بھٹو، محمد واصف شاہ، کرکٹر ماجد مجید، پی ٹی وی کے عامر بشیر، قطر سے بخت جمال اورکزئی، بیرسٹر سعدیہ نورین ملک، بیرسٹر سندس ملک اور بیرسٹر سلمان احمد شامل تھے۔تقریب میں وکلائ، سرکاری افسران، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس عشائیے کا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں اپنے ان دیرینہ دوستوں کے ساتھ ملاقات، خوشیوں میں شرکت اور ماضی کی خوبصورت یادوں کو تازہ کرنا تھا جن کے ساتھ ان کی رفاقت تین دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے پر محیط ہے۔انہوں نے کہاکہ خلوص، اعتماد، محبت اور باہمی احترام پر قائم دوستیاں وقت، فاصلے، عہدوں اور ذمہ داریوں کی محتاج نہیں ہوتیں۔ آج کی یہ محفل انہی خوبصورت رشتوں، قومی خدمات کے اعتراف اور دوستوں کی کامیابیوں کو مل کر منانے کے لیے سجائی گئی ہے۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا کے جس کونے میں بھی رہتے ہوں، پاکستان ان کے دلوں میں بستا ہے۔ وہ ریاستِ پاکستان کے چلتے پھرتے سفیر ہیں، جو دنیا بھر میں پاکستان کی تہذیب، ثقافت، اقدار، صلاحیتوں اور مثبت تشخص کی نمائندگی کرتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی، جمہوری استحکام، قومی یکجہتی اور بین الاقوامی وقار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے خوشگوار ماحول میں باہمی ملاقاتیں کیں، یادگاری تصاویر بنوائیں، دوستوں کو مبارک باد دی اور پاکستان کی ترقی، قومی خدمت اور باہمی محبت کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے تمام دوستوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنکے ساتھ انکی یادیں وابستہ ہیں اور جنہوں نے انکے ساتھ زندگی کے اہم ادوار میں ساتھ نبھایا ہے۔

