اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ خیبر پختونخوا میں بغیر سماعت کے قومی اور صوبائی حلقوں کی حدود میں ردوبدل کی خبر میں کوئی صداقت نہیں،کسی حلقہ کی حدود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔تمام حلقوں کی حدود اب بھی وہی ہیں جوعام انتخابات2024 کے وقت تھیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو جاری وضاحتی بیان میں کہاگیا ہے کہ 23 اکتوبر2026کوڈان اخبار میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخواکے قومی اور صوبائی حلقوں کی حدود میں ردو بدل بغیر کسی سماعت کے کی ہے،الیکشن کمیشن نے اِس ضمن میں یہ وضاحت کی ہے کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوانے صوبہ کے مختلف اضلاع میں انتظامی یونٹس میں تبدیلیاں کیں جس میں نئے اضلاع و تحصیل کا قیام اور تحصیلوں کی حدود میں بھی ردوبدل شامل ہے۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن رولز 2017 کے رول 15 کے تحت الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ کسی بھی وقت انتظامی یونٹس میں ردوبدل ہو تو اس کی عکاسی حلقہ بندی میں کی جائیاور یہ عمل ماضی میں بھی کیا جاتارہاہے۔ترجمان نے کہا کہ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کیاِس صورت میں موجودہ حلقہ جات کی حدود میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوتی۔مذکورہ بالا نوٹیفیکیشن میں بھی کسی حلقہ کی حدود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔تمام حلقہ جات کی حدود اب بھی وہی ہیں جوعام انتخابات2024 کے وقت تھیں۔ترجمان نے کہا کہ اس خبر میں الیکشنز ایکٹ 2017 کی شِق22 کا حوالہ دیاگیا ہے جوکہ درست نہیں ہے کیونکہ یہ شِق اس وقت عمل میں لائی جاتی ہے جب کسی موجودہ حلقے کی حدود میں تبدیلی مقصود ہوجبکہ الیکشن کمیشن نے جو نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے اس میں کسی انتخابی حلقہ کی حدود میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

