اسلام آباد(این این آئی) کائنات اظہر خان کو چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد تعینات کر دیا گیااس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کائنات اظہر خان کے پاس ایس ایس پی آپریشنز (سیف سٹی) کا ایڈیشنل چارج بھی ہو گا۔دوسری جانب ایس ایس پی محمد سرفراز ورک کی خدمات پنجاب کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
چارج سنبھالنے کے بعد چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے تمام زونل ڈی ایس پیز کے ساتھ اہم میٹنگ کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ
اسلام آباد میں ٹریفک ڈسپلن کا فروغ، بہترین ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
سی ٹی او نے لین وائلیشن، ون وے کی خلاف ورزی، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، سیٹ بیلٹ کی پابندی، غیر نمونہ و غیر قانونی نمبر پلیٹس، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کے خلاف سخت اور مؤثر انفورسمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کیں.

