گوادر/اسلام آباد(این این آئی)بلوچستان کے شہر گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں فتن الہندوستان کے 7دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز ارد گرد کے علاقے کو IEDسے محفوظ کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری رکھے ہوئے ہیں۔گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے گزشتہ روز حملہ کیا تھا جس کے بعد فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا تھا۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوادر میں سات دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔محسن نقوی نے کہاکہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

