پشاور/اسلام آباد(این این آئی)صوبائی دارالحکومت پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے 21بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں پیش آیا ہے۔لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں21 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 25 زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق چھت کے ملبے تلے دبے مزید بچوں اور اسکول کے عملے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا ادھر مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیاجس پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بر وقت طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔دریں اثناء گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔فیصل کریم کنڈی نے حکام کو زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انکوائری کمیٹی چھت گرنے کی وجوہات کا پتہ لگائے گی۔ سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم نے اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی پی ایس آر اے سے (آج) جمعہ تک رپورٹ طلب کر لی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں سکول کے المناک حادثے میں بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس دلخراش سانحہ نے پوری قوم کوصدمے سے دوچار کر دیاہیصدر مملکت نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل دے صدر نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔صدر زرداری نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوںنے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔صدر مملکت نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے جامع تحقیقات اور مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے افسوس ناک واقعے میں معصوم بچوں سمیت جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا ء کی ۔وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی

