پشاور(این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراطلاعات عطا تارڑ، امیر مقام، رانا ثنا اللہ، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، چیف سیکریٹری، آئی جی اور کور کمانڈر پشاور شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلح افواج، پولیس اور عوام کو شہادتوں پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں، ہمارے جوانوں اور افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، صوبے کی پولیس، سیف سٹیز، سی ٹی ڈی کے لیے جو کچھ چاہیے وفاق دے گا۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی اور وفاق کی جانب سے صوبے کو دی جانے والی سہولتوں پر بریفنگ دی۔وزیرِ اعظم نے کے پی انتظامیہ کو انسداد دہشت گردی کی مد میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے تھے۔

