کراچی(این این آئی)پاکستانی اداکار عمران عباس نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے دوری کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا اورکہاہے کہ اب وہ اداکاری کے بجائے اپنے کاروبار اور فلاحی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو میں عمران عباس نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے تقریباً دو تین سال سے ٹی وی ڈراموں میں کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اب وہ ٹیلی ویژن پر نظر نہیں آئیں گے۔انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ اپنے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر پوری توجہ دے رہے ہیں کیونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور اس وقت اسلام آباد میں ایک بڑی عمارت کی تعمیر میں مصروف ہیں۔عمران عباس نے بتایا کہ وہ اسلام آباد ایئر پورٹ کے قریب ممتاز سٹی میں 12منزلہ ٹاور تعمیر کر رہے ہیں جس کا نام ایری رکھا گیا ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل میں ڈھائی سال کا عرصہ لگنے کی توقع ہے۔اداکار نے کہا کہ وہ ان دنوں اپنی توجہ اسی منصوبے پر مرکوز کیے ہوئے ہیں اور تعمیراتی کام کو وقت دے رہے ہیں۔اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والدین اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں اور ان کی شادی نہیں ہوئی ہے اس لیے بچوں کی ذمہ داریاں بھی نہیں ہیں، اس وجہ سے وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ ان کا یہ کام صدقہ جاریہ بن کر آخرت میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکے۔

