Thursday, October 22, 2026
ہومHomeاسحاق ڈار سے صدر مالدیپ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے...

اسحاق ڈار سے صدر مالدیپ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(این این آئی) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا، اسحاق ڈار نے صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے مالدیپ کے صدر کو نیک خواہشات کے پیغامات پہنچایئے۔وزیر خارجہ نے مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے مالدیپ کے تجارتی وفد کی مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں شرکت کا خیرمقدم کیا، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔قبل ازیں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔استقبالیہ تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایاجبکہ ڈاکٹر محمد معیزو نے شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا، اس موقع پر دونوں ملکوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Related News

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

Popular

Comments