اسلام آباد(این این آئی)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو عوامی خدمات،ادارہ جاتی اور سماجی و معاشی ترقی میں ان کے اہم کردار پربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی ہے۔مالدیپ کے صدر نے پاکستان کی حکومت اور با لخصوص بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔بدھ کو مالدیپ کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پرانٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مالدیپ کے صدر کو یہ اعزازی ڈگری وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دی ۔تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان اور مالدیپ کے صدر کے وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی ۔ مالدیپ کے صدر نے اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کے لیے نہیں، مالدیپ کے لئے بھی قابل فخر ہے،یہ اعزاز دونوں ملکوں کی لازوال دوستی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ باہمی احترام اور اعتماد پاکستان اور مالدیپ کی دوستی کی بنیاد ہے ۔ اعزازی ڈگری کے ذریعے مالدیپ کے عوام کو عزت دینے پر بھی اظہار تشکر کرتا ہوں۔ اعزازی ڈگری شکرگزاری کے ساتھ ساتھ نئی ذمہ داری کا احساس بھی ہے۔

