لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بورڈ ممبران کا 139واں اجلاس منعقد ہوا۔پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر منعقدہ اجلاس میں یک نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الٰہی نے یک نکاتی ایجنڈا آئٹم بارے بریفنگ دی۔بورڈ نے پیسک ملازمین کی پنشن معاملے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا مؤثر اور بھرپور کردار ادا کر ے۔پنجاب کی 24 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ منڈی بہاؤالدین میں پہلی بار سمال انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کردی گئی ہے اس سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں صنعتی یونٹ لگانے کیلئے پلاٹ کے حصول کا تمام پراسیس آن لائن ہے اور یہاں اوور سیز پاکستانیز کیلئے 20فیصد کوٹہ مختص ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اس سکیم سے تاجروں کی بڑی تعداد مستفید ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم نے صوبے میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لئے رواں سال بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام کے تحت چھوٹی اور بڑی صنعتوں کے فروغ کیلئے 5ارب روے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے۔300ارب روپے مالیت کے اس بڑے پروگرام کے تحت 10کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔10کروڑ سے ایک ارب روپے تک کے قرض پر 3 فیصد جبکہ ایک ارب سے 5 ارب روپے تک کے قرض پر 5فیصد مارک اپ ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ محکمہ صنعت و تجارت کا یہ بڑا پروگرام صوبے میں چھوٹی اور بڑی صنعتوں کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہو گا۔ ایم ڈی پیسک مبین الہٰی، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔بعض بورڈ ممبران وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے

