پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 24نومبر تک ملتوی ،سعد رفیق کی حاضری معافی کی درخواست منظور

0
288

لاہور(این این آئی)احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 24نومبر تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے ریفرنس پر سماعت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ وکلاء نے خواجہ سعد رفیق کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست پیش کرتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ خواجہ سعد رفیق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے ۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی ۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی سے لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں،حکومت کی جانب سے اموات اور مریضوںکی تعداد کم بتائی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے عملہ کم ہونے کی نشاندہی کی مگر اس پر عمل نہیں کیا گیا،عثمان بزدار کو شہباز شریف کی طرح باہر نکلنا چاہیے تھا ،ادویات اور کٹس کم تھیں۔انہوں نے کہا کہ اپیل ہے کہ ڈینگی اموات کی تحقیقات کی جائیں، چودہ مرتبہ ادویات کی قیمتیں بڑھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو منظم ہونے کی ضرورت ہے، ہم نے ایوان اور باہر بھر پور کردار ادا کیا۔