جموں میں احتجاجی مظاہرہ،جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت، ریاستی درجے کی بحالی مطالبہ

0
89

جموں(این این آئی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے سرمائی دارالحکومت جموں میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت اور ریاستی درجے کی فوری بحالی کا مطالبہ کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام ”مشن سٹیٹ ہڈ جموں وکشمیر ”نے کیا تھا اوراس کے صدر سنیل ڈمپل مظاہرے کی قیادت کررہے تھے۔ انہوں نے بھارتی اراکین پارلیمنٹ سے مطالبہ کیاکہ وہ پارلیمنٹ کے جاری اجلاس کے دوران جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت اور ریاستی درجہ بحال کریں۔مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی دھمکی دی۔سنیل ڈمپل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں سے رابطے میں ہیں تاکہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔انہوں نے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر زور دیا کہ وہ ماہ اپریل سے دربار مووکی پریکٹس شروع کریں۔