کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صاف توانائی کیلئے سی پیک کا اہم اقدام ہے، اراکین پارلیمنٹ

0
30

اسلام آ باد(این این آئی)اراکین پارلیمنٹ نے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صاف توانائی کیلئے سی پیک کا اہم اقدام قرار دیدیا جبکہ چینی کمپنی نے کہ ہے کہ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان کا توانائی کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا،اس سے معاشی استحکام کو فروغ ملے گا، اس منصوبے نے تقریبا 5000 مقامی افراد کیلئے ملازمتیں پیدا کیں ہیں۔گوادر پرو کے مطابق میڈیا نمائندگان اور اراکین پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اہم منصوبے کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وفد کو720 میگاواٹ صاف بجلی کی سالانہ پیداوار اور پاکستان کے نیشنل گرڈ میں 3206 گیگا واٹ کی شراکت سمیت منصوبے کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ گوادر پرو کے مطابق وفد نے ہر سال تقریبا 3.5 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اورموسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے میں منصوبے کے کردار کا مشاہدہ کیا۔ گوادر پرو کے مطابق چائنہ تھری گورجز ساوتھ ایشیا انویسٹمنٹ لمیٹڈ (سی ایس آئی ایل)کے سینئر ایڈوائزر نے وفد کو بتایا کہ اس منصوبے سے پیدا ہونے والی قابل اعتماد اور سستی بجلی صنعتی پیداوار میں اضافہ کرے گی اور زراعت، مینوفیکچرنگ اور خدمات جیسے شعبوں کی ترقی میں مدد دے گی جو توانائی کی مستقل فراہمی پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس منصوبے کے طویل مدتی آپریشن سے پاکستان کا توانائی کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا، جس سے ملک کی توانائی کی سلامتی اور معاشی استحکام کو فروغ ملے گا۔ گوادر پرو کے مطابق سنگل پاور جنریشن ہائیڈرو پاور کمپلیکس کے طور پر، کروٹ ایچ پی پی میں راک فل ڈیم، اسپل وے، پاور ہاوس، ڈائورڑن ٹنلز، ہیڈ ریس پاور ٹنلز اور ٹیل ریس ٹنلز شامل ہیں۔ پاور پالیسی 2002 کے تحت بلڈ اون آپریٹ ٹرانسفر(بوٹ)کی بنیاد پر تیار کیا گیا یہ منصوبہ 30 سال کی رعایتی مدت کا حامل ہے اور یہ سی پیک کے تحت ترجیحی اقدام ہے۔گوادر پرو کے مطابق اپنے تعمیراتی مرحلے کے دوران ، اس منصوبے نے تقریبا 5000 مقامی ملازمتیں پیدا کیں اور فی الحال تقریبا 200 مقامی کارکنوں اور 25 چینی شہریوں کو ملازمت فراہم کی۔ منصوبے کی کل لاگت تقریبا 1.74 بلین امریکی ڈالر ہے ، جس میں 720 میگاواٹ کی نصب شدہ صلاحیت اور 3206 گیگا واٹ کی اوسط سالانہ بجلی کی پیداوار ہے۔ گوادر پرو کے مطابق مزید برآں، اس منصوبے نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)کے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں اسکولوں کا قیام، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، اور سڑکوں اور پانی کی فراہمی کے نظام جیسے ضروری بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے۔ گوادر پرو کے مطابق وفد نے ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے نہ صرف پاکستان کو درپیش توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے بلکہ سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے پر منصوبے کی تعریف کی۔ اس دورے میں پاک چین تعاون کی مضبوطی کو اجاگر کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ باہمی تعاون اور جدت طرازی کس طرح پائیدار ترقی کا باعث بن سکتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور ماحول دوست توانائی کے مستقبل کی حمایت، توانائی کی قلت کو دور کرنے، موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے اور مقامی آبادی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے وسیع تر وژن کی عکاسی کرتا ہے